عوامی کھاتوں میںکانگریس حکومت رقم ڈالیگی

,

   

مودی نے پانچ برسوں میں عوام کے ساتھ ناانصافی کی ،ہندوستان تقسیم نہیں ہوگا: راہول

جالور۔25اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وزیراعظم نریندر مودی کو گذشتہ پانچ سال میں ملک کے عوام سے ناانصافی کرنے کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ’’ اچھے دن آئیں گے‘‘ کا نعرہ بدل کر اب ’’ چوکیدار چور ہے ‘‘ ہوچکا ہے ۔ راہول گاندھی راجستھان کے مارواڑ علاقہ کے جالور میں انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک ہندوستان رہے گا جہاں کانگریس برسراقتدار آنے پر انصاف کیا جائے گا ۔ صدر کانگریس نے کہا کہ اگر امیر لوگوں کو قرضوں کی عدم ادائیگی پر جیل نہیں بھیجا جاتا ہے تو کسانوں کو بھی جیل میں نہیں ڈالا جائے گا ۔ اگر انہیں لاکھوں اور کروڑوں روپئے دیئے جاتے ہیں تو ایسا ہی کسانوں ، مزدوروں ، قبائیلیوں ، دلتوں اور چھوٹے تاجرین کے ساتھ بھی ہونا چاہیئے ۔ہندوستان میں ناانصافی نہیں ہوگی ۔ اس ملک کو دو ہندوستان میں تقسیم نہیں کیا جائے گا ۔ ہندوستان تو ایک ہی رہے گا جہاں ضرور انصاف کیا جائے گا ۔ راہول نے کہا کہ پی ایم نریندر مودی نے گذشتہ پانچ برسوں میں ملک کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے ساتھ کام لیا ہے ۔نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے طریقوں سے غریبوں ، مزدوروں ، چھوٹے تاجرین سے ان کی رقومات چھین لی گئی ۔ ’’ نیائے اسکیم ‘‘ انہیں فائدہ پہنچائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام کے من کی بات سنے گی اور اُسی کے مطابق حکومت چلائے گی ۔ پانچ سال قبل اچھے دن آئیں گے کا نعرہ لگایا گیا تھا ۔ اب ملک میں ہر جگہ لوگ یہی کہتے ہیں کہ ’’ چوکیدار چور ہیں‘‘ ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے اقل ترین آمدنی کی ضمانت والی نیائے اسکیم کے بارے میں ممتاز ماہرین معاشیات کے ساتھ سیر حاصل مشاورت کی اور اس کے بعد طئے کیا گیا کہ سالانہ 72 ہزار روپئے 25کروڑ غریبوں کے انفرادی بینک کھاتوں میں جمع کرائے جائیں گے ۔ میں مودی جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے بینک اکاؤنٹس کھلا دیئے ۔ وہی کھاتوں میں رقم ہم جمع کرائیں گے ۔