کانگریس حکومت مفت میں باقاعدہ بنائے گی، مرکزی قوانین کے خلاف دستخطی مہم میں شرکت
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی ایل آر ایس اسکیم کا بائیکاٹ کریں کیونکہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد مفت میں لے آوٹس کو باقاعدہ بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم کے ذریعہ عوام کو لوٹنے کی کوشش کی جارہی تھی اور یہ اسکیم شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کے لئے نقصان دہ ہے۔ اتم کمار ریڈی سوریا پیٹ ضلع کے کوداڑ میں مرکزی زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی دستخطی مہم میں حصہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل دریافت کئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم کسانوں کے لئے نقصان دہ ہے ، لہذا ہر کسی کو اسکیم میں رقم جمع کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔ کانگریس نے برسر اقتدار آنے کے بعد مفت میں ریگولرائزیشن کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی اور کے سی آر کی پالیسیاں مخالف کسان ہیں اور کارپوریٹ شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے مرکزی حکومت نے قوانین کو منظوری دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی قوانین کے خلاف ریاست بھر میں کسانوں کی دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا ہے ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی قیادت میں کسانوں کی دستخطوں کو صدر جمہوریہ رام ناتھ کوند کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کر رہے ہیں۔ حالیہ سیلاب کے نتیجہ میں کئی اضلاع میں کسانوںکی فصلیں تباہ ہوگئیں لیکن کے سی آر حکومت ناقص فصلوں کو خریدنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں زرعی فصلوں کے لئے اقل ترین امدادی قیمت سے محروم کرتے ہوئے کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مرکز کی اسکیمات کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ حکومت نے کسانوں کو باریک دھان اگانے کا مشورہ دیا تھا لیکن فصل بری طرح تباہ ہوچکی ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ کسانوں سے ناقص دھان حاصل کریں اور انہیں اقل ترین امدادی قیمت ادا کریں ۔ صدرپردیش کانگریس نے کہا کہ بارش کے نقصانات صرف حیدرآباد تک محدود نہیں ہیں جبکہ اضلاع میں متاثرین کیلئے امدادی رقم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو برسر اقتدار لائیں تاکہ کسانوں کے حق میں اسکیمات متعارف کی جاسکیں۔