عوام سے وعدوں کو پورا کیا جائے ‘ چیف منسٹر کو راہول گاندھی کی ہدایت

   

گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کو مستحکم کرنے پر زور ۔ ریونت ریڈی کی پارٹی قائدین کے ساتھ قائد اپوزیشن سے ملاقات

حیدرآباد 15 نومبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب کانگریس امیدوار نوین یادو کو مبارکباد دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، تلنگانہ کانگریس امورکی اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن، خیرت آباد کانگریس صدر روہن ریڈی نے دہلی میںراہول گاندھی سے ملاقات کی اور حالیہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں بھاری اکثریت سے کامیاب نوین یادو کا راہول گاندھی سے تعارف کرایا جس پر راہول گاندھی نے نوین یادو کو مبارکباد دی اور انہیں گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو تنظیمی سطح پر مستحکم کرنے میں اہم رول ادا کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بتایا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کانگریس نے پہلی بار حلقہ جوبلی ہلز سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اکثریت نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے اور 25 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے نوین یادو نے کامیابی حاصل کی ہے۔ چیف منسٹر نے راہول گاندھی کو بتایا کہ 2023ء اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ریاست میں حکومت تشکیل دی تھی تاہم گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کھاتہ کھول نہیں پائی تھی۔ تاہم اندرون 2 سال دو ضمنی انتخابات ہوئے۔ دونوں میں کانگریس نے کامیابی حاصل کرکے پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش پیدا کیا ہے۔ قبل ازیں کنٹونمنٹ ضمنی انتخاب میں کانگریس نے شاندار کامیابی درج کی ۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر اور کانگریس قائدین نے راہول گاندھی سے ریاست کے تازہ صورتحال، مقامی اداروں کے انتخابات اور کانگریس کی تنظیمی جدید بالخصوص اضلاع کانگریس صدور کے انتخابات، بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے علاوہ دوسرے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ بالخصوص کانگریس حکومت کی دو سالہ کارکردگی ، عوام سے وعدوں پر عمل کی اسکیمات اور پروگرامس کے تعلق سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ ساتھی ہی آئندہ تین سال میں حکومت کے ترقیاتی و تعمیری پروگرامس پر بھی بتایا ہے جس پر راہول گاندھی نے اطمینان کا اظہار کیا اور عوام سے وعدوں کو پورا کرنے چیف منسٹر کو ہدایت دی ہے۔ صدر تلنگانہ کانگریس مہیش کمار گوڑ نے جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور کانگریس کی تنظیمی جدید ضلع کانگریس صدور کے انتخاب پر تبادلہ خیال کیا۔ راہول گاندھی نے جوبلی ہلز کے طرز پر مقامی اداروں کے انتخابی حکمت عملی تیار کرنے اور ضلع صدور میں سماجی انصاف کا مشورہ دیا ہے۔ اس موقع پر کانگریس جنرل سکریٹری و تنظیمی امور کے انچارج کے سی وینو گوپال بھی موجود تھے۔2