علامات پائے جانے پر ہی معائنہ کروانے پر زور ۔ ٹسٹنگ مراکز میں بھی کورونا پھیلنے کے اندیشے
حیدرآباد۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ان میں کسی طرح کی علامات نہ ہوں تو وہ دواخانوں کو ٹسٹ کروانے نہ پہونچیں۔ واضح رہے کہ کورونا کے خوف سے کثیر تعداد میں صحتمند افراد بھی جن میں کورونا کی کوئی علامات نہیں ہیں اپنا معائنہ کروانے سرکاری دواخانے پہونچ رہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صحتمند افراد کے معائنہ کروانے کی وجہ سے دوسرے ضرورت مند افراد معائنہ کی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ٹسٹنگ مراکز پر عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ معائنہ کرنے سے قبل مریض سے معلومات حاصل کرلیں اور اس میں علامات کا جائزہ لیں ۔ علامات والے مریضوں کو ٹسٹنگ کٹس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے مقصد سے یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے واضح کیا کہ بعض واقعات میں کچھ افراد نے ہفتے میں دو مرتبہ اور کچھ نے تو ہفتے میں تین مرتبہ اپنے مفت کورونا معائنے کروائے ہیں۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راو نے بتایا کہ جن افراد میں کوئی علامات نہیں ہیں انہیں اس بات کو بھی ذہن نشین رکھنا چاہئے کہ ان مراکز کو پہونچتے ہوئے وہ کورونا پازیٹیو افراد سے رابطے میں آسکتے ہیں۔ ٹسٹنگ مراکز پر کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کیا جائے ۔ عوام کو چاہئے کہ جن افراد میں کورونا کی کوئی علامات نہیں ہیں وہ غیر ضروری ٹسٹنگ کروانے سے گریز کریں۔ ڈاکٹر راو نے کہا کہ کورونا کی علامات میں کھانسی ‘ سردی ‘ آنکھوں میں سرخی ‘ دست و قئے ‘ سونگھنے کی صلاحیت میں کمی شامل ہیں۔ ان علامات والے افراد کو چاہئے کہ وہ ٹسٹ کروالیں۔ جن میں علامات نہیں ہیں انہیں ٹسٹ کروانے سے گریز کرنا چاہئے ۔