جموں: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فارورق عبداللہ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ عوام کو اس وقت جن سخت ترین چیلنجوں کا سامنا ہے اس کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم و ستم اور ناانصافی کا قلع قمع کرنے کیلئے اتحا د و اتفاق لازمی ہے اور ہمیں آپسی شکوے اور شکایات بھی بالائے طاق رکھتے ہوئے آپسی صفوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ جس طرح ماضی میں نیشنل کانفرنس کے عظیم لیڈران نے ذاتی مفادات کا گھلا گھونٹ کر قومی مفادات کیلئے قربانیاں پیش کیں، وہی کردار ہم سب کو ادا کرنا ہوگا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے پٹنی ٹاپ میں مختلف عوامی وفود، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کیساتھ ملاقات کے دوران کیا۔