مسلم نوجوانوں نے پی پی ای کٹس پہن کر تدفین کی
حیدرآباد : ایک ضعیف خاتون کے انتقال پر کورونا کے خوف سے گاؤں والوں نے تجہیز و تکفین کیلئے پہل نہیں کی۔ اطلاع ملنے پر چند مسلم نوجوانوں نے پی پی ای کٹس پہن کر تدفین کی ذمہ داری قبول کرکے انسانیت کا مثالی نمونہ پیش کیا۔ تفصیلات کے بموجب ضلع ناگرکرنول، کلواکرتی منڈل کے ایک موضع میں 65 سالہ ضعیف خاتون شمیم بی کا انتقال ہوگیا جبکہ چار دن قبل انکے شوہر 78 سالہ غفار کا انتقال ہوا تھا جنہیں کوئی اولاد نہیں ہے۔ 15 اپریل کو شمیم بی ناسازی صحت کے بعد دوبارہ اپنے آبائی گاؤں پہنچ گئی۔ صحت خراب ہونے پر رات میں شمیم بی کا انتقال ہوگیا۔ اطلاع گاؤں والوں کو ملنے کے باوجود کورونا سے انتقال کے خوف میں کسی نے تدفین کی پہل نہیں کی۔ کلواکرتی کے نوجوانوں مقبول، قدیر، کریم اللہ، عطاء اللہ اور ساتھیوں نے اسی رات گاؤں کو پہنچ کر پی پی ای کٹس پہن کر ضعیف خاتون کی نعش کو رکشہ میں گاؤں کے باہر جے سی بی سے قبر کھودتے ہوئے تدفین کردی۔ گذشتہ سال جو واقعات پیش آئے تھے، وہی واقعات اس سال بھی پیش آرہے ہیں۔ کورونا کے خوف سے پڑوسی تو دور خونی رشتے بھی ساتھ دینے سے انکار کررہے ہیں۔