عوام چوکنا رہیں ، ووٹ خریداروں کی سازشوں کا شکار نہ ہوں

   

ووٹ کو فروخت ہونے سے بچانے پر پانچ سال تک تابناک مستقبل ، کرناٹک کے وزیر بی زیڈ ضمیر احمد کا خطاب
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) عوام کے ووٹ خرید کر انہیں مشکلات میں مبتلاء کرنے والے کی سازشوں سے عوام چوکنا رہیں اور اپنے ووٹ کو فروخت ہونے سے بچاتے ہوئے 5سال اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کی فکر کریں۔ جناب بی زیڈ ضمیر احمد خان ریاستی وزیر کرناٹک نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے علاقہ زہرا نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہو ں نے حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں کانگریس امیدوارہ پی وجیہ ریڈی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ وجیہ ریڈی ایک عوامی قائد کی دختر ہیں اور اس حلقہ کے عوام اس بات سے اچھی طرح سے واقف ہیں کہ اس علاقہ کی ترقی کون کرسکتا ہے۔ جناب ضمیر احمد خان نے بتایا کہ اس حلقہ میں غنڈہ گردی اور عوام کو دباؤ کا شکار بنانے کی کوشش کی گئی اور جب عوام نے غنڈہ گردی اور سیاسی دباؤ کو قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بعد اب بی آر ایس امیدور اپنے سیاسی حواریوں کے ذریعہ مسلمانوں کے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم رائے دہندوں کو یہ بتادینا چاہئے کہ وہ اور ان کا ووٹ بکاؤ نہیں ہے اور وہ اپنے حق رائے دہی کا آزادی کے ساتھ استعمال کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ریاستی وزیر کرناٹک نے امیدوارہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد پی وجیہ ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار یقینی ہے اور اگر حلقہ اسمبلی خیریت آباد سے کانگریس کے امیدوار کی کامیابی ہوتی ہے تو ممکن ہے کہ ریاست تلنگانہ کی کابینہ میں آپ کے منتخب کئے ہوئے رکن اسمبلی کو مقام حاصل ہوجائے ۔جناب ضمیر احمد خان نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے اوقاتی جائیدادوں کو تباہ کیا گیا ہے اور تباہ کرنے والوں میں ڈی ناگیندر کا بھی نام شامل ہے جنہیں وقف بورڈ نے تخلیہ کی نوٹس بھی جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے حلقہ میں رکن اسمبلی کے انتخاب کے لئے نہیں بلکہ اپنے حلقہ سے کابینی وزیر کے انتخاب کے لئے ووٹ دیں کیونکہ کانگریس ہر مظلوم طبقہ کو ہر سطح پر نمائندگی فراہم کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے اس جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہا کہ وہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے لئے کوئی نئی نہیں ہیں بلکہ وہ اس حلقہ میں دو مرتبہ کارپوریٹر منتخب ہوچکی ہیں اور انہیں اس حلقہ کے مسائل سے مکمل واقفیت ہونے اور ان مسائل کے حل کا منصوبہ ان کے پاس موجود ہونے کی وجہ سے مخالف امیدوار حواس باختہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 5برسوں کے دوران مسلمانوں کو نظرانداز کرنے والے رکن اسمبلی کو اب مسلمانوں کی یاد آنے لگی ہے اور وہ مسلمانوں کی ناراضگی کو دور کرنے کے لئے غنڈہ گردی اور وصولی کے ذریعہ حاصل کی گئی دولت کے استعمال کے ذریعہ انہیں خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔ وجیہ ریڈی نے کہا کہ کروڑہا روپئے مالیاتی اوقافی جائیداد پر قابض رکن اسمبلی مسلمانوں کی جائیداد کو لوٹ کر کمائی گئی دولت کا .5 فیصد حصہ مسلمانوں میں تقسیم کرتے ہوئے ان کی جائیدادوں سے حاصل کی گئی دولت سے ووٹ خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں۔