چیف منسٹر کی حیثیت سے اسمبلی میں واپسی کا عہد، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو جو ان دنوں تروپتی میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ پر ہیں جگن موہن ریڈی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ متاثرین کی امداد کے بجائے حیدرآباد میں شادی کی تقریب میں شرکت اور بریانی کھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے سوال کیا کہ ریاست میں عوام بارش کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں تو ایسے میں بریانی کھانے کیلئے حیدرآباد جانے کی کیا ضرورت تھی۔ انہوں نے حکومت پر متاثرین کے مسائل نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ دوبارہ چیف منسٹر بننے کے بعد اسمبلی میں داخلہ سے متعلق اپنے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان پر حملے کئے گئے لیکن انہوں نے برداشت کیا لیکن شریک حیات بھونیشوری کو نشانہ بنانے سے انہیں کافی تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھونیشوری کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں باوجود اس کے ان کے خلاف بیان دیا گیا۔ نائیڈو نے عوام سے سوال کیا کہ اگر ان کے گھر والوں کے بارے میں اہانت آمیز ریمارکس کئے جائیں تو کیا وہ برداشت کریں گے۔ جس پر عوام نے ہرگز نہیں کہتے ہوئے ان کی تائید کی۔ چندرا بابو نائیڈو نے عوام سے سوال کیا کہ چیف منسٹر کی حیثیت سے اسمبلی میں داخلہ سے متعلق فیصلہ درست یا ہے نہیں۔ اس پر عوام نے ان کے فیصلہ کی تائید کی اور عہد کی تکمیل کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ سیلاب کے متاثرین سے ملاقات کے دوران چندرا بابو نائیڈو کی تقریر میں زیادہ تر حصہ اسمبلی میں پیش آئے واقعات پر محیط تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم 22 سال تک برسر اقتدار رہی لیکن اس طرح کی کوئی تباہی نہیں آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 40 سالہ سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ انہیں دلی تکلیف پہنچی کیونکہ وائی ایس آر کانگریس قائدین نے شریک حیات کو نشانہ بنایا ہے۔ نائیڈو نے کہا کہ اسمبلی دراصل کوروؤں کی سبھا ہے اور میں چیف منسٹر کی حیثیت سے اسے دوبارہ با احترام ایوان میں تبدیل کروں گا۔ این ٹی آر کی دختر جو ہمیشہ عوام کے درمیان ایک ماں کی طرح غیر سیاسی طور پر خدمات انجام دیتی رہیں ان کے خلاف اہانت آمیز الفاظ استعمال کئے گئے جس کے نتیجہ میں میں عوامی عدالت سے انصاف کیلئے رجوع ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وائی ایس آر کانگریس قائدین دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ر