عوام کی خدمت کیلئے وسیع رول اختیار کرنے کا امکان : رابرٹ واڈرا

,

   

کئی برسوں کا تجربہ ضائع نہیں کیا جانا چاہئے ۔ ’’کانگریس کے وزارت عظمی امیدوار ‘‘ بی جے پی کا طنز
نئی دہلی 24 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا نے آج کہا کہ ان کے خلاف جاریہ مقدمات کے بعد ہوسکتا ہے کہ وہ عوام کی خدمت میں وسیع تر رول ادا کریں اس طرح یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ وہ سیاست میں داخل ہوسکتے ہیں۔ بی جے پی نے ان پر ’’ کانگریس کے وزارت عظمی امیدوار ‘‘ کہتے ہوئے طنز کیا ہے ۔ کانگریس نے واڈرا کے اس بیان کو اہمیت دینے سے انکار کیا ہے اور کہا کہ وہ ایک طویل وقت سے ایک این جی او کے ذریعہ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ یہ ہر ایک کا ذمہ ہے کہ وہ عوام کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا سے جب ایک پریس کانفرنس میں رابرٹ واڈرا کے بیان کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کیا انہیں وزیر اعظم نریندرمودی کی اجازت کی ضرورت ہے کہ عوام کی خدمت کریں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے کوئی مطلب یا نتیجہ اخذ کرنا بی جے پی کا کام ہے ۔ اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں رابرٹ واڈرا نے ملک کے مختلف حصوں اور خاص طور پر اترپردیش میں چلائی گئی مہم میں گذارے گئے مہینے اور سال کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس سے انہیں احساس ہوا ہے کہ انہیں عوام کی خدمت کیلئے مزید بہت کچھ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے برسوں کے تجربہ اور سبق کو ضائع نہیں کرنا چاہئے اور اس کا بہتر استعمال ہونا چاہئے ۔ ان کے خلاف جیسے ہی الزامات ختم ہونگے اور تحقیقات مکمل ہوجائیں گی وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں عوام کی خدمت کیلئے زیادہ خدمات انجام دینے کی ضـرورت ہے ۔ رابرٹ واڈرا کانگریس کی جنر ل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر ہیں۔