غریب لڑکیوں کی شادی پر ایک لاکھ روپئے اور ایک تولہ سونا، ملگ میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے تلنگانہ کو نجات دلائیں تاکہ ریاست میں اندراماں راج قائم ہو۔ ملگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود عوام کی توقعات اور امنگوں کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کانگریس پارٹی نے عوام کیلئے 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت تمام طبقات کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے ایک لاکھ روپئے کی امداد کے علاوہ ایک تولہ سونا بطور تحفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ اپنے وعدوں کو پورا کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کریم نگر میں تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا جسے سیاسی نقصان کے باوجود پورا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر ہے اور عوام نے کے سی آر خاندان سے نجات حاصل کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں کے سی آر نے کسانوں، شہیدان تلنگانہ، خواتین اور بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر حکومت نے ایک لاکھ کروڑ کی بدعنوانیاں کی ہیں۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں پر حلف برداری کے فوری بعد عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی اقتدار میں واپسی کے ذریعہ ہی تلنگانہ میں ترقی اور فلاح و بہبود کے دور کا آغاز ہوسکتا ہے۔