عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہوں میں واٹر پروف شامیانوں کا انتظام

   

صدر نشین وقف بورڈ محمد مسیح اللہ خاں کا عیدگاہوں کا دورہ ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے دونوں شہروں کی عیدگاہوں میں عیدالاضحی کے لئے خصوصی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عیدگاہ میر عالم ‘ عیدگاہ گنبدانی قطب شاہی اور عیدگاہ مادننا پیٹ میں واٹر پروف شامیانوں کی تنصیب کے اقدامات کئے جار ہے ہیں تاکہ عیدالاضحی کے موقع پر بارش کی صورت میں مصلیوں کے خشوع و خضوع کو برقرار رکھا جاسکے ۔ صدر نشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے آج چیف اکزیکیٹیو آفیسر جناب سید خواجہ معین الدین کے ہمراہ شہر کی تینوں عیدگاہوں کا معائنہ کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔صدرنشین وقف بورڈ کے دورہ کے موقع پر عیدگاہ گنبدان قطب شاہی پر متعلقہ رکن اسمبلی و رکن وقف بورڈ جناب کوثر محی الدین موجود تھے جبکہ عیدگاہ میر عالم کے دورہ کے دوران رکن اسمبلی بہادرپورہ جناب معظم خان ‘ جناب محمد عبدالغفار کے علاوہ دیگر ارکان بلدیہ موجود تھے ۔عیدگاہ مادننا پیٹ کے دورہ کے موقع پر رکن اسمبلی یاقوت پورہ جناب سید احمد پاشاہ قادری اور دیگر موجود تھے۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ عیدگاہوں کے دورہ کے دوران موجود عہدیداروں کو گذشتہ سے زیادہ بہتر انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ عیدگاہ میر عالم جہاں دونوں شہروں کا سب سے بڑا اجتماع نماز عیدین کے موقع پر ہوتا ہے وہاں محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مفت پینے کے پانی کے مراکز مختلف راستوں پر قائم کریں جبکہ محکمہ برقی کو نماز عید الاضحی کے موقع پر خصوصی برقی سربراہی کے انتظامات کے علاوہ دور دراز تک بہتر آواز پہنچانے کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے بلا وقفہ برقی سربراہی کی تاکید کی گئی ہے۔اسی طرح مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ بہادر پورہ سے شاستری پورجانے والی سڑک پر جاری تعمیری کاموں کو دو یوم کے لئے ملتوی کرتے ہوئے صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں علاوہ ازیں محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے اس سڑک پر موجود گڑھوں کو فوری طور پر بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔صدرنشین بورڈ نے بتایا کہ تینوں عیدگاہوں میں واٹر پروف شامیانوں کی تنصیب کے لئے توجہ دہانی کے ساتھ ہی وقف بورڈ کی جانب سے بہتر انتظامات کے لئے کاموں کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ حسب روایت قدیم نماز عید الاضحی کے موقع پر عیدگاہ میر عالم پر وقف بورڈ کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیم کیمپ کرے گی ۔عیدگاہوں کے دورہ کے دوران محکمہ پولیس کے عہدیداروں نے عیدگاہوں کے قریب ٹریفک تحدیدات اور متبادل راستوں کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا۔م