ممبئی : سلمان خان کی فلم سکندر عید کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے لیکن عید سے پہلے انہوں نے ہولی کو اپنے مداحوں کے لیے خاص کردیا ہے۔ انہوں نے اس فلم کا ایک گانا ریلیزکیا ہے جو ہولی کا گانا ہے۔ گانے کا نام ہے بم بام بھولے۔ اس گانے میں سلمان بھی ہولی کے رنگوں میں رنگے نظر آرہے ہیں۔جو ویڈیو سامنے آیا ہے اس میں ہولی کا نشہ ہر طرف لوگوں پر نظر آرہا ہے۔ بھائی جان بھی رنگوں کے تہوارکے موڈ میں ہیں۔ اس گانے میں بھی ان کا سویگ اسٹائل نظر آتا ہے۔ یہ اس فلم کا دوسرا گانا ہے۔ کچھ دن پہلے بھی وہ ایک گانا لے کر آئے تھے، جس کا عنوان تھا زہرہ جبین۔ اس گانے کا سوشل میڈیا پر بہت چرچا ہوا۔ اب ایسا لگتا ہے کہ ہولی کے موقع پر ان کا نیا گانا ہٹ ہونے والا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی اہم ہے کہ سکندر اس سال کی سب سے زیادہ انتظارکی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ جلد ہی اس فلم کا انتظار ختم ہونے والا ہے۔ فلم بنانے والوں نے پہلے ہی بتا چکے ہیں کہ یہ فلم عید کے موقع پر ریلیزکی جائے گی۔ تاہم ابھی تاریخ کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے۔ سلمان کے مداح ان کی اس فلم کے متعلق کافی پرجوش ہیں۔ اس میں ان کا ایکشن اوتار نظر آنے والا ہے۔ اس فلم میں ان کے مقابل رشمیکا مند نا مرکزی کردار میں ہیں۔ناڈیاڈوالا گرانڈسن پروڈکشن کے بینر تلے بنی اس فلم کو ساجد ناڈیاڈوالا نے پروڈیوس کیا ہے اور ہدایت کار اے آر مروگاداس ہیں۔ مروگادوس وہی شخص ہے جس نے عامر خان کی فلم گجنی کی ہدایت کاری کی تھی۔ عامر کی وہ فلم بہت کامیاب رہی۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے سلمان خان سے فلم سکندر بہتر آمدنی کرنے کی امیدیں لگائی جا رہی ہیں۔ اس فلم میں ستیہ راج بھی ہیں جنہوں نے پربھاس کی فلم باہوبلی میں کٹپا کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں انہیں مرکزی ویلن کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔