عید کیلئے کپڑا بنک سے مستحق خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم

   

آٹھ سال کے دوران 98169 خاندانوں کو لاکھوں جوڑے ملبوسات کی فراہمی
حیدرآباد ۔ 14 مارچ (سیاست نیوز) دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ننگوں کو کپڑے پہنانے کی بڑی فضیلت ہے اور اس معاملہ میں خوش نصیب لوگوں کو بار بار خوشخبری سنائی گئی ہے۔ جہاں تک ضرورتمندوں کو کپڑوںکی فراہمی کا سوال ہے ایڈیٹرسیاست جناب زاہد علی خان کی قیادت میں 8 سال قبل یعنی 29 اپریل 2016ء کو عابد علی خاں آئی ہاسپٹل کی تیسری منزل پر کپڑا بنک کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جس میں مرحوم منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیرالدین علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور نیوزایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کا اہم کردار رہا جبکہ ڈاکٹر شوکت علی مرزا منیجنگ ٹرسٹی ہیلپنگ ہینڈ کے کردار کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ کپڑا بنک کی سب سے بڑی عطیہ دہندہ کینیڈا میں مقیم عسکر یاسمین صدیقی ہیں جنہوں نے 8 برسوں کے دوران تقریباً 7 کینٹنرس مستعملہ ملبوسات، بچوں کے کھلونے، برتن، جوتے، چپلیں، اسکول بیاگس، گرم ملبوسات، لباس عروسی، مریضوں کیلئے بیڈس، معذورین کیلئے وہیل چیئرس روانہ کئے۔ کینیڈا میں کارخیر میں مصروف تنظیم فی سبیل اللہ کے ذریعہ یہ تمام اشیاء روانہ کی گئیں جبکہ مقامی تاجرین اور اہل خیر مرد و خواتین بھی مسلسل کپڑا بنک سے تعاون کرتے ہیں۔ منیجر کپڑا بنک شیخ اکرم کے مطابق اب تک کپڑا بنک کو 574959 سے زائد ملبوسات عطیہ دیئے گئے اور کپڑا بنک نے 98169 سے زائد خاندانوں کی مدد کی۔ انہیں ملبوسات و دیگر سامان فراہم کیا۔ کپڑا بنک کی جانب سے جموں و کشمیر میں 4130 بوٹس (جوتے) تقسیم کئے گئے جبکہ 1060 جیاکٹس کی بھی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ ماہ رمضان المبارک میں کپڑا بنک کی جانب سے مستحق خاندانوں کے مرد و خواتین میں نئے ملبوسات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس ضمن میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ کے ہاتھوں ملبوسات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر فیلڈ آفیسر فیض عام محمد اعظم، منیجر کپڑا بنک شیخ اکرم اور دوسرے موجود تھے۔ واضح رہیکہ ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی نے مستحقین میں نئے ملبوسات کی تقسیم کیلئے 200000 لاکھ روپئے فراہم کئے جبکہ روزنامہ سیاست کی جانب سے 55 ہزار روپئے مالیتی ملبوسات کا انتظام کیا گیا۔