عید کے موقع پر مصافحہ و معانقہ نہ کریں، فون پر ہی مبارکباد دی جائے: علماء کرام

,

   

نئی دہلی: علماء کرام نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ عید کی خوشی کے موقع پر ایک دوسرے سے مصافحہ و معانقہ (گلے ملنا) نہ کریں اور عید کے موقع پر سماجی فاصلہ بنائے رکھیں۔ علماء کرام نے کہا کہ اگر ہم اپنے رشتہ داروں، دوست، احباب سے محبت رکھتے ہیں تو اس عید کے موقع پر مصافحہ و معانقہ نہ کریں۔ آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ ڈاکٹر امام عمر احمد الیاسی نے کہا کہ عید تو ہر سال آتی ہے۔ اس عید کے موقع پر ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں اور نہ ہی گلے ملے۔ آج پوری دنیا کورونا وائرس سے لڑرہی ہے۔“ انہوں نے کہا کہ عید کا مطلب صرف یہی نہیں ہے کہ آپ کسی سے ہاتھ ملالیں یا پھر گلے مل لیں۔“ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کسی سے مصافحہ و معانقہ کرتے ہیں تو ہم انہیں نقصان پہنچانے والوں میں شمار کئے جائیں گے۔ ہم سب کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم دور سے ہی مبارکباد دیتے ہیں تو ہم اپنے آپ کو اور دوسروں کو بچانے والے ہوں گے۔ عید کا تعلق زندگی او رخوشی سے ہے۔“

شاہی امام جامع مسجد مولانا احمد بخاری نے کہا کہ مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اس عید کے موقع پر دوسرے کے گھروں پر جانے سے گریز کریں اور فون پر ہی عید کی مبارکباد دے دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ عالمی صحت تنظیم اور طبی ماہرین کی جانب سے جو ہدایات دی جارہی ہیں ان پر عمل کریں۔“ اسلامک سنٹر آف انڈیا کے سربراہ اور لکھنؤ عید گاہ کے امام مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بھی مسلمانوں سے عید کے موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ضرورت مندوں او رمستحق افراد کی امداد کرے۔ ہندوستان میں امکان ہے کہ عید الفطر 26 مئی کو ہوگی۔