حضور آباد میں ریونت ریڈی کی انتخابی مہم، عوام میں جوش و خروش
حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ حضور آباد میں کانگریس کی کامیابی پر غریبوں کو ڈبل بیڈ روم مکانات اور بے روزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمت حاصل ہوگی۔ حضورآباد میں کانگریس امیدوار بی وینکٹ کی انتخابی مہم کے دوسرے دن ریونت ریڈی نے جمی کنٹہ منڈل میں دو عام جلسوں سے خطاب کیا جس میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریونت ریڈی نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر ملی بھگت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں نے مخالف عوام پالیسیاں اختیار کی ہیں جس کے نتیجہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوا اور کورونا کے دوران لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار، غریبوں کو مکان اور دلتوں کو 3 ایکر اراضی جیسے وعدوں کی تکمیل کیلئے کانگریس پارٹی جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم حضورآباد میں انتخابی فائدہ کیلئے متعارف کی گئی ہے۔ کملا پور اور جمی کنٹہ میں ریونت ریڈی کے عام جلسوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایٹالہ راجندر اور ہریش راؤ دونوں بدعنوانیوں میں ملوث ہیں اور ایک دوسرے پر اثاثہ جات کی تقسیم میں ناانصافی کا الزام عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں کانگریس کو ہر گھر سے ایک ووٹ کی مہم شروع کی گئی ہے۔ اس حلقہ میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد 60,000 ہے جبکہ 80,000 مکانات ہیں۔ کانگریس نے ہر گھر کو 2 ہزار روپئے وظیفہ کے بجائے 40 ہزار روپئے ماہانہ آمدنی کی ملازمت فراہم کرنے کیلئے نوجوان قائد بی وینکٹ کو امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد میں ٹی آر ایس کی شکست کے سی آر حکومت کے زوال کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے جھوٹے وعدوں کا شکار نہ ہوں۔ جلسہ عام سے دامودر راج نرسمہا، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، محمد علی شبیر، رکن اسمبلی سیتکا، پونم پربھاکر، ڈی سریدھر بابو اور دوسروں نے خطاب کیا۔ر