حیدرآباد۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) جمیعۃ القریش کے غریب طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی تاکہ وہ کسی مالی بوجھ کے بغیر بہتر تعلیم حاصل کرسکیں۔ صدر جمیعۃ القریش و صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج شاہ گنج میں واقع جمیعۃ القریش کے اسکول میں پہلی تا دسویں جماعت کے 250 سے زائد طلبہ میں نوٹ بکس تقسیم کئے ۔ جمیعۃ القریش کے دیگر ذمہ دار ڈاکٹر عارف اور قدیر قریشی اس موقع پر موجود تھے۔ گزشتہ 20 برسوں سے جمیعۃ القریش کی جانب سے طلبہ میں نوٹ بکس کی مفت تقسیم عمل میں آرہی ہے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اسی جذبہ کے ساتھ جمیعۃ القریش نے غریب طلبہ کی حوصلہ افزائی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ نوٹ بکس کے حصول پر والدین کو ہزاروں روپئے خرچ کرنے پڑتے ہیں اور غریب والدین اس خرچ کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے تعلیمی اداروں کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ سنٹرل وقف کونسل نے تعلیمی اور طبی اداروں کے قیام کی صورت میں دو کروڑ روپئے تک بنا سودی قرض فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ ہی کوئی بھی قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے ۔ جمیعۃ القریش کی جانب سے دیگر شعبہ جات میں بھی غریب خاندانوں کی مدد کی جارہی ہے ۔