غریب مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے رمضان گفٹ کی تقسیم

   

تین لاکھ خاندانوں میں تقسیم کا منصوبہ، مہیش کمار گوڑ کا نظام آباد میں خطاب

حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مسلمانوں کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر ، عبادت اور غریبوں کی مدد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے نظام آباد میں حکومت کی جانب سے غریب مسلم خاندانوں میں ملبوسات پر مشتمل رمضان کا تحفہ تقسیم کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام طبقات کی یکساں ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ کئی نئی اسکیمات متعارف کی گئیں جن کے ذریعہ لاکھوں خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی جامع ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولتوں کیلئے بہتر انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین لاکھ غریب خاندانوں میں رمضان گفٹ تقسیم کیا جارہا ہے ۔ عید کی خوشی میں غریب خاندانوں کو شامل کرنے کا یہ قدم اٹھایا گیا ۔ مہیش کمار گوڑ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی عبادتوں میں ریاست کی ترقی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ اس موقع پر مقامی عوامی نمائندے اور اقلیتی قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے مسلمانوں کو عید الفطر کی پیشگی مبارکباد پیش کی۔1