غزہ: اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید‘ 56زخمی

,

   

غزہ/28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید ایک فلسطینی شہید ہو گیا۔ فلسطینی طبی ذرائع نے ہفتے کے روز بتایا کہ غزہ کی سرحد پر جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی، جس کی وجہ سے ایک فلسطینی شہید اور 56 زخمی ہوگئے۔ عوامی مارچ پر اسرائیلی فوج نے روایتی ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور براہِ راست گولیاں برسائیں۔ طبی کارکنوں نے گولیوں کی بوچھاڑ اور آنسو گیس کی نہ رکنے والی شیلنگ کے دوران زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ایک نوجوان شہید ہوگیا، جب کہ 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ شہید نوجوان کی شناخت 23 سالہ احمد محمد عبداللہ القرا کے نام سے ہوئی۔ 30 مارچ 2018ء￿ کے بعد اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 319 فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں عیسویہ کے مقام پر ایک چھاپا مار کارروائی کے دوران 7فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو علی الصبح اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی مہم شروع کی اور 7فلسطینیوں کوحراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔