غزہ اور مصر کے درمیان سرحد کے کنٹرول پر بات چیت: یورپی یونین

   

جینوا : غزہ اور مصر کے درمیان سرحد کی نگرانی خاص طور پر رفح کراسنگ کا معاملہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے مذاکرات میں رکاوٹ بننے والا اہم مسئلہ ہے۔ یورپی یونین کے خارجہ اور سلامتی امور کے نمائندے جوزپ بوریل نے اعلان کیا ہے کہ یونین اس معاملے کو دیکھ رہی ہے اور سرحدی نگرانی کے مشن کو دوبارہ شروع کرنے پر بات چیت کر رہی ہے۔ مقصد اسرائیلی جنگی کارروائیوں سے متاثرہ غزہ کے باشندوں کو پٹی سے نکالنا اور انہیں طبی امداد فراہم کرنا ہے۔جوزپ بوریل نے ہسپانوی اخبار ایل منڈو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ قاہرہ میں عرب لیگ کے وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے جس میں اس معاملے پر بات چیت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین مذاکرات کر رہی ہے تاکہ اس کا بارڈر مانیٹرنگ مشن جو مصر اور غزہ کی سرحد پر کئی سالوں سے تعینات تھا واپس آ کر ایک کراسنگ پوائنٹ کھول سکے اور اس کراسنگ پوائنٹ کے ذریعے امداد نہ ملنے والے زخمیوں کو نکالا جا سکے۔جوزپ بوریل نے غزہ میں جلد از جلد جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے برسلز کے عزم کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر صرف ایک چیز جو حاصل کی جانی چاہیے وہ جنگ بندی ہے۔ انہوں نے جنگ بندی تک پہنچنے میں تاخیر پر بھی ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہا کہ ہم آج سنتے ہیں کہ جنگ بندی ہونے والی ہے، پھر اگلے دن کہا جاتا ہے کہ یہ کل ہوجائے گی۔ اسرائیل حماس کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہے اور حماس اسرائیل پر الزام لگا رہی ہے۔