غزہ سے برآمد ہونے والی یرغمالوں کی باقیات کی تدفین

   

غزہ : جمعہ کے روز سینکڑوں سوگوار اسرئیل کے جنوبی شہر راحت میں 23 سالہ اسرائیلی یرغمال حمزہ الزیادنی کی تدفین کیلئے اکٹھے ہوئے جس کی باقیات اسرائیلی فوجیوں نے اس ہفتہ کے شروع میں غزہ سے برآمد کی تھیں۔ تدفین، فوج کی جانب سے باقیات کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہوئی۔ حمزہ کی باقیات بھی اس کے والد 53 سالہ یوسف الزیادنی کے ساتھ غزہ کی ایک سرنگ سے ملی تھیں جسے جمعرات کو شناخت ہونے کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔ اسرائیلی ڈیفینس فورسز، آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ ان دونوں کو اس وقت ایک ساتھ یرغمال بنایا گیا تھا جب حماس کے عسکریت پسندوں نے سات اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر دھاوا بولا تھا۔ یوسف الزیادنی کے ساتھ اس کے تین بچوں کو بھی یرغمال بنا کے عسکریت پسند اپنے ساتھ غزہ لے گئے تھے۔ جن میں دو نو عمر بچوں کو نومبر 2023 میں ایک عارضی جنگ بندی کے دوران قیدیوں کے تبادلے میں رہا کر دیا گیا تھا۔ اسرائیلی ڈیفینس فورسز کا کہنا ہے کہ دونوں لاشیں رفح کے علاقہ میں ایک زیرزمین سرنگ سے ملی تھیں۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی ہلاکت کس طرح ہوئی تھی، لیکن خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایک فوجی افسر کے حوالیسے رپورٹ دی کہ ان دونوں کی اموات حالیہ عرصے میں نہیں ہوئی تھیں۔