ریاض ؍ غزہ : غزہ سے متعلق عرب دستاویز کی اہم دفعات کا انکشاف کردیا ہے۔ غزہ سے متعلق عرب منصوبے میں بین الاقوامی فریقوں کے وعدے شامل ہیں کہ اسرائیل غزہ میں فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔ اس میں غزہ میں 10 سال سے کم مدت کیلئے جنگ بندی کی شق بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا عرب ممالک رواں ماہ کے آخر تک غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے سے امریکہ کو آگاہ کر دیں گے۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ عرب ممالک غزہ جنگ کو مستقل طور پر روکنے اور تعمیر نو کیلئے ایک جامع دستاویز تیار کرنے کے خواہاں ہیں۔ مصر نے غزہ کی تعمیر نو کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کا 70 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔ عرب دستاویز میں بین الاقوامی نگرانی کے ساتھ غزہ کے انتظام کیلئے فلسطینی عبوری کمیٹی کی تشکیل اور غزہ میں رقوم کی تقسیم کی نگرانی کیلئے عطیہ دینے والے ممالک کی کمیٹی کا قیام بھی شامل ہے۔یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سفیر حسام ذکی نے اعلان کیا تھا کہ 27 فروری کو مصر میں ہونے والی ہنگامی عرب سربراہی کانفرنس کی تاریخ کسی اور تاریخ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ یہ اس وجہ سے ہوگا کہ شریک ممالک کے رہنماؤں کو اپنے شیڈول سے متعلق تحفظات ہیں۔