غزہ شہر کا چاروں طرف سے محاصرہ کرلینے اسرائیلی فوج کا دعویٰ

   

غزہ پٹی: اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ہگاری نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے غزہ شہر کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے اور ہمارا مقصد حماس کی تحریک کو ختم کرنا ہے۔ دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ غزہ اسرائیل کے لیے ایک لعنت ہو گا۔جمعرات کو لڑائی کے 27 ویں روز فریقین میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ غزہ میں فلسطینیوں کی شھادتیں 9061 ہوگئی ہیں۔قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کی افواج غزہ شہر میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ فوجی حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ شدید لڑائی میں مصروف ہیں اور دو بدو لڑائی ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوجیوں کا سامنا بندوق برداروں سے ہوا جنہوں نے گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی اور کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد ان میں سے متعدد مارے گئے۔ ہارٹز اخبار نے جمعرات کو اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرٹز ہیلیوی کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنی فضائی قوت کا نصف سے بھی کم استعمال کر رہا ہے۔