غزہ میں امداد کی تقسیم کے نئے امریکی منصوبے کی تفصیلات

   

غزہ ؍ واشنگٹن ۔ 24 اکٹوبر (ایجنسیز) غزہ جنگ بندی کے معاہدے کے دوسرے مرحلہ میں منتقلی کی امریکی کوششیں جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ہی واشنگٹن ایک نیا منصوبہ زیرِ غور لایا ہے جس کا مقصد فلسطینی علاقہ میں انسانی امداد کی فراہمی کیلئے ایک نیا نظام قائم کرنا ہے، جو امریکی حمایت یافتہ اور متنازعہ ’’غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن‘‘ کی جگہ لے سکتا ہے۔امریکی اور انسانی امداد کے شعبہ سے وابستہ دو ذرائع کے مطابق یہ تجویز کئی زیرِ غور تصورات میں سے ایک ہے، جس پر امریکہ دو سالہ جنگ کے بعد امداد کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے کام کر رہا ہے۔روئٹرز کے مطابق اس منصوبے کی مرکزی ساخت ایک مجوزہ ’’غزہ ہیومینیٹیرین بیلٹ‘‘ ہو گی، جو 12 سے 16 امدادی مراکز پر مشتمل ہو گی۔ یہ مراکز اْن علاقوں کے ساتھ قائم کیے جائیں گے جہاں اسرائیلی افواج پیچھے ہٹی ہیں، تاکہ یلو لائن کے دونوں طرف کے شہریوں کو مدد فراہم کی جاسکے۔ان مراکز میں مسلح افراد کیلئے ’’رضاکارانہ مصالحتی سہولتیں‘‘ بھی شامل ہوں گی تاکہ وہ ہتھیار ڈال کر معافی حاصل کرسکیں۔ یہ مراکز اْن فورسز کے آپریشنل اڈے بھی ہوں گے جو غزہ کے غیر عسکری بنائے جانے کیلئے تشکیل دی جانے والی بین الاقوامی فورس کی مدد کریں گی۔ منصوبے کے مطابق اقوام متحدہ اور دیگر غیر سرکاری تنظیمیں ان مراکز سے تقسیم ہونے والے سامان کی فراہمی میں حصہ لیں گی۔ تمام قافلوں کی حفاظت کی نگرانی ایک سول۔ ملٹری کوآرڈینیشن سنٹر کرے گا، جو ڈرونز کے ذریعے سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کرے گا تاکہ حماس ٹرکوں کو روک نہ سکے۔