غزہ میں انسانی المیہ، صورتحال انتہائی سنگین

   

نیویارک : اقوام متحدہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے پیدا ہونے والی انسانی بحران کی صورت حال کو تباہ کن قرار دیا ہے ۔ عالمی ادارہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جاری ہے اور صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدتر ہوتی جارہی ہے ۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایندھن کی شدید قلت کی وجہ سے ہاسپٹلس میں ضروری سرجیکل آپریشنز کو ملتوی کیا جارہا ہے ۔ خاص طور پر شمالی غزہ میں ایمبولنس سرویس مکمل طور پر بند ہونے کا خطرہ لاحق ہے ۔ اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی اُمور ( اوچا) نے بھی انسانی بحران کی سنگینی پر روشنی ڈالی ہے ۔ دفتر نے اپنے بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال تباہ کنہے ۔ بے گھر ہونے کی مسلسل لہریں ، بھیڑ بھاڑ ماحول ،عدم تحفظ ، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور مسلسل جنگ کی وجہ سے بنیادی ضروریات کی کمی واقع ہوچکی ہے ۔ اقوام متحدہ کے دفتر نے منگل کو جاری ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لڑائیوں کے تسلسل ، انخلا کے احکامات اور ضروری سامان کی شدید قلت کی وجہ سے بے گھر خاندانوں کیلئے بنیادی خدمات تک رسائی مشکل ہوگئی ہے ۔