لندن: یورپی یونین کی اعلیٰ سفارت کار کاجا کیلس نے غزہ میں لڑائی کی نئی لہر کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔فرانیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کی پالیسی چیف کاجا کیلس نے قاہرہ میں اپنے مختصر قیام کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل اور فلسطین معاہدے کی بحالی کیلئے متحرک ہوں اس سے قبل ضروری ہے کہ غزہ میں ہلاکتوں کا سلسلہ روکا جائے۔اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرت کے بعد جنگ بندی طے پائی تھی تاہم اس کو اگلے مرحلے میں لے جانے کیلئے بات چیت ابھی ہونا تھی تاہم اس سے قبل ہی اسرائیل نے منگل کو غزہ پر فضائی حملوں کا سلسلہ پھر سے شروع کر دیا تھا جبکہ زمینی آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔یورپی یونین کی پالیسی سربراہ کاجا کیلس نے قاہرہ میں مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے ہمراہ قاہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اسرائیل کی جانب سے دوبارہ تنازع شروع کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہیں، جس سے غزہ میں خوفناک جانی نقصان ہوا۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’قتل وغارت بند ہونی چاہیے، ایک نئی جنگ میں جیت کسی کی نہیں ہو گی، دونوں ہار جائیں گے۔‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’یورپی یونین کی جانب سے یہ واضح ہے کہ حماس کو تمام یرغمالیوں کو رہا کرنا چاہیے اور اسرائیل غزہ میں انسانی امداد کو بحال کرے اور مذاکرات پھر سے شروع کیے جائیں۔‘کاجا کیلس کی ٹیم نے بعدازاں تصدیق کی کہ وہ قاہرہ سے روانہ ہونے کے بعد اسرائیل پہنچ گئی ہیں۔