یروشلم : اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی پر تازہ حملوں میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے دو سینئررہنما شہید ہوگئے ۔غزہ میں حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان زکریا ابو معمر اور جواد ابو شمالہ غزہ پر صہیونی بمباری میں شہید ہو گئے۔خان یونس میں تحریک حماس کے ذرائع نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ دونوں رہنما 50 سالہ ابو معمر اور ابو شمالہ غزہ کی پٹی پر صہیونی حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔ حماس نے دونوں رہنماؤں زکریا ابو معمر اور جواد ابو شمالہ کی شہادت کو فلسطینی قوم کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کا حصہ قرار دیا۔ حماس کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں سمیت اسرائیلی بربریت میں شہید ہونے والے تمام فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ خیال رہے کہ غزہ کی پٹی ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے وحشیانہ بمباری شروع کی تھی جس میں اب تک سات سو کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ دوسری طرف حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں نے ’طوفان الاقصیٰ‘ آپریشن میں ایک ہزار سے زائد اسرائیلیوں کو جھنم واصل کیا ہے۔