حیدرآباد ۔ یکم اگست ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں فی الفور ’’حراستی مراکز ‘‘ قائم کرنے کے احکامات جاری کئے تاکہ ان میں غیرقانونی تارکین وطن کو محروس رکھا جاسکے ۔ مرکزنے حالیہ دنوں میں 11صفحات پر مشتمل ’’ماڈل ڈیٹنشین مانیول ‘‘ جاری کیا اور تمام ریاستوں سے کہا کہ غیر قانونی طور پر مقیم بیرونی ممالک کے باشندوں کو طویل عرصہ تک حراستی مراکز میں قید رکھا جائے اور ان کی ملک سے بے دخلی تک انہیں وہاں رکھیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ دستور ہند کے آرٹیکل 258(1) کے تحت ریاستی حکومت کو یہ اختیار ہے کہ غیرقانونی طور پر مقیم بیرونی باشندوں کا ملک سے تخلیہ کیا جائے۔ بی جے پی کی اقتدار پر واپسی کے بعد این آر سی پر عمل آوری اور غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو Deport کرنے کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔