غیر قانونی جانوروں کی منتقلی پر کارروائی ہوگی

   

فرقہ وارانہ کشیدگی کی ہرگز اجازت نہیں: سی وی آنند
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) عیدالاضحی کے پیش نظر پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے ہندو تنظیموں اور حقوق مویشیان کیلئے کام کرنے والے جہد کاروں کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر سی وی آنند نے اجلاس میں کہا کہ مویشیوں کے حق میں کام کرنے والے کسی بھی تنظیم سے وابستہ افراد کو اگر غیر قانونی طور پر جانوروں کی منتقلی کی اطلاع ملتی ہے تو وہ فوری پولیس عہدیداروں کو اس بات کی اطلاع دیں۔ انہوں نے سخت الفاظ میں یہ کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی چونکہ اس قسم کی حرکت سے دونوں گروپس کے درمیان منافرت پیدا ہونے اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر پولیس عہدیداروں نے تنظیموں سے وابستہ افراد کی جانب سے فراہم کئے گئے مشوروں پر سنجیدگی سے غور کرنے کا تیقن دیا۔ اس اجلاس میں جانوروں کی غیر قانونی منتقلی اور اس کے ذبیحہ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس کے بعد ہندو تنظیموں سے وابستہ افراد نے پولیس کو تیقن دیا کہ قانون کے تحت ذبیحہ کرنے کے قابل جانوروں کو نہیں روکا جائے گا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مویشیوں کی بہبود کیلئے خصوصی شعبہ قائم کیا جائے۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی کے پیش نظر حیدرآباد پولیس چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں بالخصوص فرقہ وارانہ وارداتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ب