غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر بلدیہ کے عہدیداروں کے خلاف سخت اقدام

   

ایک عہدیدار معطل دیگر دو عہدیداروں کو میمو کی اجرائی ، عہدیداروں میں خوف کا ماحول
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) شہر میں تعمیرات کو باقاعدہ بنانے کی مہم کے ساتھ ساتھ غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کاروائی نہ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کاروائی کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس کا پہلا شکار ایم کیشو ریڈی اسسٹنٹ کمشنر پلاننگ سرکل نمبر 24 اور ان کے ماتحت ٹی وشال کو معطل کرنے کے علاوہ دیگر 2عہدیداروں کو میمو جاری کرتے ہوئے بنایا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جن علاقوں سے بروقت عدم کاروائی کی شکایات موصول ہوں گی ان کے خلاف مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدادروں نے کاروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔شہر میں غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے ان کے خلاف کی جانے والی کاروائی کے ساتھ ساتھ جی ایچ ایم سی کمشنر نے ان تعمیرات کو نظر انداز کرنے والے عہدیداروں کے خلاف بھی کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے اس فیصلہ سے عہدیداروں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔شہر میں جاری تعمیرات جو کہ اجازت نامہ کے حصول کے بعد دئے گئے منصوبہ سے تبدیل کرتے ہوئے کی جا رہی ہیں انہیں بھی جی ایچ ایم سی نے غیر مجاز تصور کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اجازت نامہ کے حصول کے لئے داخل کئے جانے والے منصوبہ میں کی جانے والی تبدیلی بھی جی ایچ ایم سی قوانین کے مطابق اجازت نامہ کو منسوخ قرار دیتی ہے کیونکہ جو اجازت نامہ حاصل کیا جاتا ہے اور جو پلان داخل کیا جاتا ہے اس کے مطابق ہی تعمیرات کی اجازت ہوتی ہے لیکن کئی مقامات پر تعمیری اجازت حاصل کرنے کے بعد پلان کو تبدیل کرتے ہوئے تعمیرات انجام دی جا رہی ہیں جو کہ غیر قانونی ہیں۔کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ وہ اگر اس طرح کی سرگرمیوں کو روکنے میں ناکام ہوتے ہیں تو ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی۔