غیر مجاز فارم ہاوز کو منہدم کرنے حکومت کو رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا چیالنج

   

اسپیکر کی اجازت کے بغیر گرفتاری،لوک سبھا میں تحریک مراعات پیش کرنے کا اعلان
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ جی او 111 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کردہ فارم ہاوز کو منہدم کرکے دکھائے۔ عوام کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے مکانات اور عمارتوں کو غیر مجاز ہونے کا بہانہ بناکر منہدم کیا جاتا ہے لیکن بلدی نظم و نسق کے وزیر نے 25 ایکر اراضی پر غیرقانونی تعمیر کے ذریعہ قانون کی دھجیاں اُڑائی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریونت ریڈی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے لہذا وہ پارلیمنٹ میں رکن پارلیمنٹ کے حقوق کے تحفظ کیلئے مراعات کی نوٹس دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غریبوں کیلئے ایک قانون جبکہ چیف منسٹر کے خاندان کیلئے ایک قانون ہے۔ عہدیداروں میں کیا اس قدر ہمت ہے کہ وہ کے ٹی آر کے فارم ہاوز کو منہدم کریں جبکہ غریبوں کے مکانات کے انہدام کا سلسلہ روزجاری ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ فارم ہاوز کی تعمیر کے خلاف ٹریبونل کو مکتوب روانہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوکا پیٹ اراضی معاملہ کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ گوپن پلی میں غیرضروری طور پر ریونت ریڈی اور ان کے بھائی کو پھنسانے کی کوشش کی گئی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ جی او 111 پر عمل کرکے دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے رامیشور راؤ کی جانب سے غیر مجاز اراضیات کے معاملہ کو بے نقاب کیا تھا۔ رامیشور راؤ کے کے ٹی آر سے قریبی روابط ہیں لہذا ان کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ان کے ضلع میں کئی ہزار کروڑ کے اراضی اسکام ہیں۔ کوکا پیٹ اور میاں پور میں ہزاروں کروڑ کی اراضی معاملتیں ہوئیں۔ انہوں نے رنگاریڈی ضلع میں اراضی معاملات کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کے ٹی آر اور رامیشور راؤ نے کروڑوں روپئے کمائے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گرین ٹریبونل سے کے ٹی آر فارم ہاوز کی شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ریونت ریڈی کی گرفتاری کا معاملہ موضوع بحث بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بھی اس مسئلہ کو ارکان اسمبلی اٹھائیں گے۔ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی اور پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے بھی ریونت ریڈی کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے فارم ہاوز کی فلمبندی کیلئے ڈرون کا استعمال کیا تھا اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کسی ثبوت کے بغیر ہی ڈرون کے استعمال کا الزام ریونت ریڈی پر عائد کیا ہے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ حکومت کی بے قاعدگیوں پر اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے ریونت ریڈی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی ریونت ریڈی کے ساتھ ہے اور حکومت کے خلاف جدوجہد میںمزید شدت پیدا کی جائے گی۔