حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے آج غیر محسوب اثاثہ جات معاملہ میں معطل جوائنٹ سب رجسٹرار کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ۔ معطل شدہ جوائنٹ سب رجسٹرار ، رنگاریڈی ایس آر او ون کنرا ڈی مدھو سدن ریڈی کے مکان اور دیگر سات مقامات پر دھاوا کیا ۔ اے سی بی نے آج معطل سب رجسٹرار کے رشتہ داروں اور دوستوں کے مکانات پر کارروائی کی اور پتہ چلایا کہ جوائنٹ سب رجسٹرار نے شراب کی تجارت میں 80 لاکھ روپئے کا سرمایہ کیا ۔ اے سی بی نے آج کی کارروائی میں سات کروڑ 83 لاکھ 35 ہزار 302 روپئے کی جائیداد کا پتہ چلایا جو موجودہ مارکٹ قیمت کے لحاظ سے کئی گنا زیادہ ہوجاتی ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق کاپرا میں تین مکانات G+2 ، تین سو اسکوائر یارڈ ، ابراہیم پٹنم میں ایک اوپن پلاٹ 27 ایکڑ زرعی اراضی منکل ویلیج پرگی منڈل میں ایک ایکر پر سوئمنگ پول ، 9 لاکھ روپئے نقد رقم ، 1.2 کیلو سونا ، ایک انووا ، ایک فارچونر ، ایک والوو ، ایک ووکس ویاگن ، 80 لاکھ روپئے شراب میں سرمایہ اور دوشل کمپنیاں و دیگر معاملات سامنے آئے ہیں ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق مزید دھاوے اور تحقیقات جاری رہیں گی ۔۔ ع