غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد کا دورہ کشمیر اختتام پذیر

   

سری نگر؍جموں۔13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے دو روزہ دورے کو سمیٹتے ہوئے 25 غیر ملکی سفارتکاروں پر مشتمل وفد نے جمعرات کو سرمائی دارالحکومت جموں میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو، چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم، جموں وکشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس جسٹس گیتا متل کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 سفارتکاروں پر مشتمل تیسرا وفد بدھ کے روز وارد سری نگر ہوا تھا اور سخت حفاظتی بندوبست اور ڈورن کیمروں کی نگرانی میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کی سیر کے بعد گپکار میں واقع للت گرینڈ ہوٹل میں مختلف عوامی وفود کے علاوہ کئی سیاسی لیڈروں اور صحافیوں کے ساتھ ملاقی ہوا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سفارتکاروں کا وفد جو رات کو سری نگر میں ہی قیام پذیر تھا، جمعرات کی صبح بادامی باغ علاقے میں واقع فوج کی 15 ویں کور کے ہیڈکوارٹر میں جی او سی لیفٹیننٹ جنرل کے جے ایس ڈھلون سے ملاقی ہوا جنہوں نے وفد کو جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ موصوف فوجی افسر کے ساتھ ملاقات کے بعد وفد جموں روانہ ہوا جہاں وہ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو، چیف سکریٹری بی وی آر سبھرامنیم، جموں کشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس جسٹس گیتا متل کے علاوہ مختلف وفود سے ملاقی ہوا۔ذرائع نے بتایا کہ وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو سری نگر میں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔