فرانس او ر کئی دیگرملکوں نے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرلیا

,

   

دو ریاستی حل کا تحفظ ناگزیر ، اسرائیل اور فلسطین کو امن اورسلامتی کے ساتھ رہنا ہوگا ، فرانسیسی صدر مائیکرون کا ریمارک

بیویارک، 23 ستمبر (یو این آئی) فرانس نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے فلسطین کو بطورِ آزاد ریاست تسلیم کرلیا، یہ اعلان نیویارک میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ ڈان نیوزمیں شائع رپورٹ کے مطابق فرانس اور موناکو نے پیر کے روز ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس میں باضابطہ طور پر فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی ہوں گی تاکہ دو ریاستی حل کے امکان کو محفوظ رکھا جا سکے ، جہاں اسرائیل اور فلسطین امن اور سلامتی کے ساتھ ساتھ رہ سکیں، یہ اعلان کرتے ہی شرکا نے زور دار تالیاں بجائیں۔بیلجیئم، مالٹا، اندورا، موناکو اور لکسمبرگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر رہے ہیں اور نیویارک میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں تسلیم کرنے کا اعلان کرنے والے ممالک کی بڑھتی ہوئی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ تینوں ممالک کے رہنماؤں نے یہ اعلانات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر فلسطین اور دو ریاستی حل کے بارے میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیے ۔ اس اقدام کو مندوبین کی جانب سے سراہا گیا اور اسے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بین الاقوامی رفتار کو فروغ دینے کے طور پر سراہا گیا۔ فرانسیسی صدر نے نئی فلسطینی اتھارٹی کے لیے ایک فریم ورک پیش کیا، جس کے تحت فرانس اصلاحات، جنگ بندی اور غزہ میں قید تمام قیدیوں کی رہائی جیسے عوامل کی بنیاد پر ایک سفارتخانہ کھولے گا۔ اینڈورا، بیلجیم، لکسمبرگ اور سان مارینو سے بھی توقع ہے کہ وہ اس ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل فلسطین کو تسلیم کریں گے ، اس سے قبل ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا، برطانیہ، کینیڈا، پرتگال اور مالٹا نے بھی ایسا کیا۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وزیر خارجہ اسحاق ڈار مقررین میں شامل نہیں تھے ، اس اجلاس میں ترکیہ، آسٹریلیا، برازیل اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کے سربراہان اور وزرائے اعظم شریک تھے ۔ وزیراعظم شہباز شریف پیر کو نیویارک پہنچے لیکن اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کانفرنس میں بھرپور شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلانات کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان 1988 میں آزادی کے اعلان کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل تھا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دیگر ممالک بھی اسی طرح بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے یہ قدم اٹھائیں۔ یہی مطالبہ فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی کیا، جنہوں نے امریکی ویزا نہ ملنے کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام ممالک سے اپیل کرتے ہیں جو ابھی تک ایسا نہیں کر پائے کہ وہ بھی یہ اقدام کریں، ہم آپ کی حمایت کے طلبگار ہیں تاکہ فلسطین اقوام متحدہ کا مکمل رکن بن سکے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ جنگ بندی کے ایک سال کے اندر اصلاحات اور انتخابات کرائے جائیں گے ۔ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئی ہے ، جب مغربی طاقتوں نے دہائیوں پرانی پالیسی سے ہٹ کر فلسطین کو تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ برطانیہ، جس نے 1917 کے بالفور اعلامیے کے ذریعے اسرائیل کے قیام کی راہ ہموار کی تھی، اس نے بھی پیر کو لندن میں فلسطینی سفارتخانہ کھول دیا۔ یہ اعلیٰ سطحی اجلاس جولائی میں ہونے والی ایک سمٹ کے بعد منعقد ہوا، جس میں نیویارک اعلامیہ کا مسودہ تیار کیا گیا تھا اور بعد ازاں 12 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسے منظور کیا۔ دریںاثناء پیر کو لندن میں فلسطینی مشن کے باہر پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی، یہ تقریب فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے ایک دن بعد رکھی گئی۔ برطانوی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی اب برطانیہ میں سفارتخانہ اور سفیر مقرر کر سکتی ہے ۔ برطانیہ کی وزارت خارجہ نے بھی اتوار کو اپنے سفری ہدایات کے صفحے پر تبدیلی کرتے ہوئے قبضہ شدہ فلسطینی علاقے کا حوالہ ہٹا دیا اور اس کی جگہ فلسطین لکھ دیا۔

غزہ میں انسانی صورتحال بدترین سطح
پر ہے : یو این سکریٹری جنرل
نیویارک23ستمبر (یو این آئی) سکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتِ حال بد ترین سطح پر ہے ۔ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری جنرل گوتریس نے کہا کہ غزہ میں انسانی امداد کی فوری اور بلا روک ٹوک فراہمی یقینی بنانی چاہئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں فوری اور پائیدار جنگ بندی ضروری ہے ، وہاں سے یرغمالیوں کی رہائی بھی ہونی چاہیے ۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو عالمی امن کا ضامن ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کا قیام عالمی یکجہتی اور بین الاقوامی امن برقرار رکھنے کے لیے ہوا تھا۔ اکٹوبر 2023ء میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے گوتریس کئی مرتبہ غزہ میں انسانی بحران پر عالمی قیادت کو توجہ دلا چکے ہیں۔