فرانس میں صدر میکرون کے خلاف احتجاج اور ملک گیر ہڑتال

   

پیرس : صدر فرانس ایمانوئل میکرون کی جانب سے پنشن کی عمر میں اضافہ کرنے کے متنازعہ فیصلے کے بعد کئی شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ ہڑتالوں سے نقل و حمل کا نظام درہم برہم ہوا جبکہ مظاہرین نے شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کرنے کے فیصلہ کے خلاف 23 مارچ جمعرات کے روز مزدور یونینوں نے ملکی سطح پر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی۔ صدر نے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے، تاہم لوگوں میں اس کے خلاف کافی غم و غصہ ہے۔ پیرس میں پولیس نے مظاہرین پر اس وقت آنسو گیس کے شیل داغے اور لاٹھی چارج کیا، جب بعض مظاہرین نے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا اور آتشزنی کی کوشش کی۔
جنوری کے بعد سے فرانس کی بڑی یونینوں کی جانب سے مظاہروں کا یہ نواں دور تھا۔ اس سے قبل ہفتے کے اواخر میں غیر منصوبہ بند مظاہرے بھی ہوئے تھے۔