پیرس: فرانس غزہ کیلئے عالمی انسانی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس 9 نومبر کو غزہ میں شہری آبادی کے لیے ایک بین الاقوامی انسانی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی غزہ کیلئے عالمی انسانی کانفرنس کی میزبانی کی تصدیق کی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہیکہ یہ کانفرنس سربراہان مملکت، حکومت اور وزرائے خارجہ کی سطح پر ہوگی جس میں روس کو چھوڑ کر کلیدی علاقائی اسٹیک ہولڈرز مصر، اردن، خلیجی و عرب ممالک کے ساتھ ساتھ مغربی، یورپی طاقتوں اور جی20 ممبران کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ سمیت بین الاقوامی ادارے اور غزہ میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں بھی شریک ہوں گی۔ رپورٹس کے مطابق کانفرنس میں فلسطین کی انتظامیہ بھی شریک ہوگی جب کہ اسرائیل کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ فرانس کانفرنس کے ذریعے محصور فلسطینیوں کے لیے امداد کو مربوط کرنا چاہتا ہے، کانفرنس میں فلسطین کے لوگوں کیلئے انسانی امداد بھیجنے کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی جب کہ فلسطین کو بجلی، پانی اور ایندھن کی سپلائی کے مسائل بھی زیر غور لائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 826 بچوں اور 2 ہزار 405 خواتین سمیت 9 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔