فرضی مقدمات میں پھانسے گئے عوام سے انصاف ہو : ایس پی

   

لکھنو 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی کے ایک وفد نے پارٹی صدر اکھیلیش یادو کی قیادت میں گورنر اترپردیش آنندی بین پٹیل سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سی اے اے کے خلاف پرامن اور جمہوری احتجاج میں جن بے گناہ افراد کو فرضی مقدمات میں پھانسا گیا ہے ان سے انصاف کیا جائے ۔ ایس پی وفد نے گورنر کو پیش کردہ یادداشت میں کہا کہ پرامن اور جمہوری طریقہ سے احتجاج کرنے والے بے گناہ اور معصوم افراد کو فرضی مقدمات میں پھانسا گیا ہے ۔ پولیس نے گھروں میں گھس کر انہیں گرفتار کیا ہے ۔ ان تمام سے انصاف کیا جانا چاہئے ۔ سارے واقعات میں دو درجن افراد فوت ہوئے ہیں۔ خواتین سے دست درازی ہوئی ہے ۔ گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی ہے ۔

این پی آر ’ در اصل این آر سی ہی ہے : اجئے ماکین
پٹنہ 27 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج نریندر مودی حکومت پر این پی آر کے نام پر سارے ملک میں این آر سی نافذ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ این پی آر کو جاریہ ہفتے کے اوائل میں کابینہ کی منظوری دیدی گئی تھی ۔ کل ہند کانگریس کے ترجمان اجئے ماکین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این پی آر کے فارمس میںتمام افراد خاندان کے موبائیل نمبرس اور ڈرائیونگ لائسنس کی تفصیل پوچھی جا رہی ہے ۔ یہ تفصیل 2010 میں جب این پی آر ہوا تھا اس وقت پوچھی نہیں گئی تھی ۔ ماکین نے حکومت کے استدلال کو مسترد کردیا کہ یہ تفصیلات پیش کرنا رضاکارانہ ہے لازمی نہیں ۔