سنگاریڈی کے دیہات میں نیشنل ایجوکیشن ڈے کا اہتمام
سنگاریڈی۔ ضلع پرشد ہائی اسکول پوتی ریڈی پلی سنگاریڈی میں محمد ذاکر حسین اسٹیٹ کونسلر تلنگانہ پروگریسیو ٹیچرس فیڈریشن و گزیٹیڈ ہیڈماسٹر کی صدارت میں ’’نیشنل ایجوکیشن ڈے‘‘ منایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد ذاکر حسین نے کہا کہ ہندوستان بھر میں ہمارے ملک کے پہلے وزیر تعلیم، مجاہد آزادی، جادو بیاں خطیب، بے مثال صحافی، ماہر تعلیم کی یوم پیدائش کو ’’یوم قومی تعلیم‘‘ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے 14 سال کی عمر میں ہی علوم مشرقی کا تمام نصاب مکمل کرلیا تھا۔ مولانا کا جنگ آزادی میں بھی اہم رول تھا۔ آزادی کے ساتھ تقسیم ہند کے دوران فرقہ وارانہ کشیدگی کو کم کرنے میں بھی انہوں نے نمایاں رول ادا کیا۔ وہ اقلیتوں کو یہ یقین دلانے میں کامیاب رہے کہ ’’یہ تمہارا ملک ہے اور اسی ملک میں تم رہو‘‘ مولانا نے تعلیم یافتہ ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ تعلیم کے تئیں بیداری پیدا کرنے میں ان کا اہم رول رہا ۔ طلباء کو چاہئے کہ مولانا کی تعلیمات کو اپناکر اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ بہتر سماج کی تشکیل میں اہم رول ادا کریں تاکہ ملک میں خوشحالی اور ترقی ہو۔ اس موقع پر مختلف مقابلوں میں حصہ لینے والے طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر اساتذہ مدن گوپال، ناگیشم، ایم اے نعیم، پاوترا وانی، میناکشی اور دیگر بی ایڈ ٹرینی ٹیچرس موجود تھے۔
