تلنگانہ پولیس کی خدمات ملک کیلئے مثالی : وزیرداخلہ محمد محمود علی
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات (فرینڈلی پولیسنگ) کی وجہ سے ریاست میں بڑی حد تک جرائم پر قابو پایا گیا ہے۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کی برقراری کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس نے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائے ہیں۔ شہر حیدرآباد اور تلنگانہ میں امن و امان قائم رہنے کی وجہ سے ملک و بیرون ملک کی بڑے بڑے کارپوریٹ اداروں اور کمپنیوں نے ریاست میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے۔ سی سی کیمروں کی وجہ سے جرائم کی شرح گھٹ گئی ہے۔ ایک سی سی کیمرہ سو پولیس ملازمین کے برابر ہے۔ فرینڈلی پولیسنگ کی وجہ سے لوگ شکایتیں کرنے کیلئے بے خوف پولیس اسٹیشن پہنچ رہے ہیں یا آن لائن کے ذریعہ اپنی شکایتیں درج کروارہے ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ملک میں جتنے سی سی کیمرے ہیں، اس میں 65 فیصد سی سی کیمرے ریاست تلنگانہ میں موجود ہیں۔ یہ تلنگانہ کیلئے قابل فخر بات ہے۔ چیف منسٹر نے محکمہ پولیس کو تمام عصری سہولتوں سے آراستہ کیا ہے۔ 700 کروڑ روپئے کے مصارف پولیس کو پٹرولنگ کیلئے نئی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ شہر حیدرآباد کے کئی مقامات پر عصری تقاضوں سے لیس پولیس اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ ایسی ہی سہولتوں پر مشتمل مزید پولیس اسٹیشن عوام کی خدمات کیلئے بہت جلد دستیاب ہوں گے۔ اندرون چھ ماہ پولیس کمانڈ کنٹرول روم اپنی خدمات کیلئے دستیاب ہوجائے گا۔ امن و امان کو بگاڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے مجرمین پر قابو پایا جارہا ہے۔ تلنگانہ پولیس کی خدمات ملک کیلئے مثالی بنی ہوئی ہے۔ محکمہ پولیس کے تمام شعبہ ذمہ دارانہ رول ادا کررہے ہیں۔