فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانہ پر سنگباری

   

برلن : جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں واقع پاکستانی قونصل خانہ پر مبینہ افغان مظاہرین کے ایک مشتعل گروپ نے دھاوا بول دیا اور وہاں لہرانے والا پاکستانی پرچم بھی اتار دیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ برلن میں پاکستانی سفارت خانہ نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ناخوشگوار واقعہ کل ہفتہ 20 جولائی کے روز پیش آیا۔ اس واقعہ میں کئی مشتمل مظاہرین کا ایک گروپ قونصل خانہ کی عمارت کا جنگلا پھلانگ کر اس سفارتی عمارت کے احاطے میں داخل ہو گیا۔ اس دوران ایک شخص نے قونصل خانہ کے احاطہ میں نصب ایک آہنی پول پر چڑھ کر اس پر لہرانے والا پاکستانی پرچم بھی اتار لیا۔ مظاہرین کے اس گروپ میں شامل افراد میں سے بہت سے اپنے ساتھ افغان قومی پرچم بھی لیے ہوئے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اس دوران مظاہرین نے قونصل خانہ کی عمارت پر پتھراؤ کرنے کی کوشش بھی کی۔ قونصل خانہ پر دھاوا بولنے والے مبینہ افغان باشندوں کی تعداد آٹھ اور دس کے درمیان بتائی گئی ہے۔