فصل کی خرابی قومی آفت ، مرکز معاوضہ دے :راجہ وڈنگ

   

چنڈی گڑھ: پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے منگل کو مطالبہ کیا کہ غیر موسمی بارشوں اور ژالہ باری سے گندم کی فصل کو ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصان کے پیش نظر مرکزی حکومت اسے قومی آفت قرار دے اور فی ہیکٹر 50,000 روپے امداد ی رقم دے ۔ایک ٹویٹ میں وڈنگ نے پنجاب حکومت کی طرف سے اعلان کردہ معاوضہ (15 ہزار فی ایکڑ) کو بہت کم قرار دیا اور مرکز سے بھی یہی مطالبہ کیا۔ پنجاب حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے ٹویٹ کیا خراب موسم کی وجہ سے گندم کی فصل برباد ہو گئی ہے ۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اعلان کردہ امداد کی رقم بہت کم ہے ۔ اسے قومی آفت قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو فی ایکڑ 50,000 تک کی امداد دینی چاہیے ۔ ملک کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں پنجاب کا اہم کردار ہے ، نریندر مودی جی۔’’اس سے قبل اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوہ نے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان کا ویڈیو جاری کرتے ہوئے یاد دلایا کہ انہوں نے الیکشن سے قبل موسم کی وجہ سے فصل کی خرابی پر 20 ہزار روپے فی ایکڑ معاوضہ دینے کا وعدہ کیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ معاوضہ کا چیک پہلے کسانوں کو دیا جانا چاہئے تاکہ ان کا گھر چل سکے اور گرداوری بعد میں کرائی جاسکتی ہے۔
اب وہ پہلے گرداوری کرانے کی بات کر رہے ہیں اور اعلان کردہ رقم بھی 15 ہزار ہے جو کہ بہت کم ہے ۔واضح رہے کہ مان نے حال ہی میں فصلوں کے نقصان کے معاوضے میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا اور حال ہی میں یہ بھی کہا تھا کہ گرداوری کی جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ بیساکھی تک کسانوں کو معاوضہ مل سکے ۔