فضائی آلودگی،اینڈرز اینٹونسن انڈیا اوپن سے دستبردار

   

نئی دہلی،14 جنوری (یواین آئی ) ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے دنیا کے تیسرے نمبرکے بہترین بیڈمنٹن کھلاڑی اینڈرز اینٹونسن نے نئی دہلی میں خطرناک فضائی آلودگی کو جواز بناکر مسلسل تیسرے سال انڈیا اوپن سے نام واپس لے لیا ہے ۔اینٹونسن نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مداحوں کو اس فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دہلی کی ہوا کے معیارکا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئرکیا، جس میں انڈیکس348 دکھایا گیا تھا، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے ۔اینٹونسن نے کہا دہلی میں اس وقت آلودگی کی جو صورتحال ہے ، میرے خیال میں یہ بیڈمنٹن ٹورنمنٹ منعقد کرنے کے لیے موزوں جگہ نہیں ہے ۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ گرمیوں تک حالات بہتر ہو جائیں گے تب اسی شہر میں ورلڈ چمپئن شپ کا انعقاد ہونا ہے ۔ اینٹونسن نے انکشاف کیا کہ بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن نے ایونٹ سے دستبردار ہونے پر ان پر5,000 امریکی ڈالر کا جرمانہ عائدکیا ہے ۔ اس پر اینڈر اینٹونسن نے کہا کہ صحت سے متعلق سنگین خدشات کے باوجود مجھے جرمانے کی صورت میں سزا دی گئی ہے ، جو کہ افسوسناک ہے ۔اینڈر اینٹونسن جیسے بڑے کھلاڑی کے دستبردار ہونے سے بی ڈبلیو ایف سوپر750 ٹورنمنٹ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ دہلی میں فضائی آلودگی ایک طویل عرصے سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔