فلاحی اسکیمات کے فوائد ہر مستحق خاندان تک پہونچانے ضلع کلکٹرس کو ہدایت

   

99 روزہ ایکشن پلان کی اجرائی، فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی ترجیحات، کلکٹر کانفرنس سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ 6 مارچ سے شروع ہونے والے 99 روزہ پرجا پالانا پرگتی پرانالیکا پروگرام پر مؤثر عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے فلاحی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہونچانے کے اقدامات کریں۔ سکریٹریٹ میں کلکٹر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے 99 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہاکہ اِس پروگرام کا مقصد عوام کو ہر سطح پر حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف کرانا ہے۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا کہ وہ گرام سبھاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرائیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ راشن کارڈس کی اجرائی کے علاوہ باریک چاول کی سربراہی، اندراماں ہاؤزنگ اور 200 یونٹ مفت برقی سربراہی جیسی اسکیمات سے استفادہ کرنے والے خاندانوں کی رائے سے عوام کو واقف کرایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیمی نظام میں بہتری کے لئے حکومت نے جن اصلاحات پر عمل کیا ہے اُس کے فوائد دیہی سطح تک پہونچنے چاہئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر یکساں عمل آوری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنھوں نے مڈ ڈے میل اسکیم پر مؤثر عمل آوری کی ہدایت دیتے ہوئے ہر ماہ بلز جاری کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت دیہی علاقوں سے ضلع کی سطح تک عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب کا شاندار پیمانہ پر انعقاد عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ 12 جون تک 99 روزہ ایکشن پلان پر عمل آوری میں منہمک رہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مواضعات، منڈل اور ضلع کی سطح پر پروگرام طے کئے جائیں۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو خصوصی لوگو تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جو 6 مارچ سے قبل جاری کردیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ماحولیاتی تحفظ اور صحت و صفائی کے ذریعہ عوام کی صحت کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ وہ وقفہ وقفہ سے اضلاع کا دورہ اور جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایکشن پلان پر عمل آوری کی نگرانی کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ نظم و نسق میں عصری ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ عوامی خدمات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو اپنی ضرورتوں کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑنی چاہئے۔ وہ عصری ٹیکنالوجی کے ذریعہ نہ صرف مکانات کی تعمیر کی اجازت، برقی اور آبرسانی کنکشن اور دیگر مسائل کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دیں اور بنیادی سہولتوں اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے 100 منڈلوں میں ماڈل اسکولس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن کا حوالہ دیا اور کہاکہ ریاست کو 3 علیحدہ زونس میں تقسیم کرتے ہوئے تینوں زونس کے ترقیاتی منصوبے کو قطعیت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عالمی اداروں کی جانب سے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ اجلاس میں ضلع کلکٹرس کو 99 روزہ ایکشن پلان کی تفصیلات پر مبنی گائیڈ لائنس جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ریاستی وزراء اور چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے شرکت کی۔1