فلسطینیوں کی مزاحمت کے سامنے ہم ناکام ، اسرائیل کا اعتراف

   

فلسطینیوں کی تمام قوتیں متحدہوکر اسرائیلی فوج کا مقابلہ کررہی ہیں

یروشلم : اسرائیلی انٹیلی جنس سروس شن بیت کے سابق افسر نے ناکامیوں کا راز فاش کر دیا۔ رام اللہ کے علاقے کے سابق افسر گونن بین یتزاک نے کہا کہ حالیہ عرصے کے دوران اسرائیل پر ہونے والے حملوں سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیلی سیکورٹی سسٹم فلسطینی مزاحمت کے سامنے بری طرح پٹ گیا ہے۔ شن بیٹ کی جانب سے ٹیکنالوجی کے ذریعے معلومات پر زیادہ انحصار سے حالات پر گرفت ختم ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جدید آلات استعمال کرکے بھی ٹیکنالوجی سے محروم فلسطینیوں سے نمٹنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں اور شن بیت کی ناکامی کے بعد اسرائیلیوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ پریشان ہونا شروع کر دیں۔بین یتزاک نے شن بیت پر فلسطینی علاقوں کے اندر ایجنٹوں کو بھرتی کرنے میں کوتاہی کا الزام عائد کرتے ہوئے انٹیلی جنس سروس کی نااہلی کو یہود کی ہلاکتوں کاذمے دار قرار دیا۔ ادھر عبرانی اخباریدیعوت احرونوت نے کہا ہے کہ جنین پناہ گزین کیمپ میں فلسطینیوں کی مزاحمت میں حماس کا رنگ نظر آرہا ہے۔ اسرائیلی صحافی ایلیور لیوی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی تمام قوتیں متحد ہو کر اسرائیلی فوج کی دراندازی کا مقابلہ کررہی ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی رہنماؤں نے مسجد الاقصی میں جانور ذبح کرکے قبلہ اول کی بے حرمتی کے منصوبے پر آبادکاروں کو خبردار کردیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق آباد کاروں کے دھاوے سرخ لکیرسے تجاوز کرگئے ہیں۔آباد کار رمضان کے وسط میں مسجد اقصیٰ پر بڑے پیمانے پر دھاوا بولنے کی تیاری کر رہے ہیں اور اس دوران نام نہاد تہوار کی آڑ میں قبلہ اول کے اندار جانور ذبح کیے جائیں گے۔