واشنگٹن: اسرائیلی جیلوں میں جبرو تشدد اور مظالم کا شکار فلسطینی قیدیوںکی حمایت میں امریکہ اور یورپی ملکوں میں بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ گذشتہ روز امریکی شہر واشنگٹن اور سویڈن میں بھی فلسطینی اسیران کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سویڈن کے شہر مالمو نے قابض ریاست کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے تحت ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرین نے فلسطینی اسیران کی رہائی اور ان پر جاری مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔سویڈن کے شہر ’’مالمو’’ کے مولوفنگ اسکوائر میں یورپی اتحاد برائے فلسطین نے اسیران کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں بائیں بازو کے عرب گروپ اور کلرز ایسوسی ایشن چار اور گروپ 194 کے ارکان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں سماجی کارکنوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں فلسطینی اسیران کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔