فلسطینی قیدی رشتہ داروں سے نہیں مل سکتے

   

یروشلم : اسرائیلی جیلوں کی انتظامیہ نے اسلامی جہاد تحریک کے قیدیوں کے خلاف من مانی سزائیں عائد کیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو 2ماہ کے لیے اپنے رشتہ داروں سے ملاقات سے محروم کردیا گیا ہے۔ انہیں 2ہفتے تک قید تنہائی میں رکھا جائے گا اور کھانے پینے میں تنگی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہر قیدی کو 400 شیکل جرمانہ کیا گیا ہے۔ عوفر جیل میںاسلامی جہاد تحریک کے قیدیوں نے اپنے خفیہ پیغام میں انکشاف کیا کہ قابض فوج نے چند روز قبل قیدیوں کے کمروں پر دھاوا بول کر انہیں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ عوفر جیل انتظامیہ نے کمرہ نمبر 12 میں موجود تمام قیدیوں کو تنہائی میں منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی جیلوں سے 6فلسطینی قیدی فرار ہوگئے ،جس کے بعد سے صہیونی حکام نے جیلوں کی سیکورٹی انتہائی سخت کرکے قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔