حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے فلسطینی علاقہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور بربریت کی مذمت کی اور تمام انصاف پسند شہریوں سے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ فورم کے ذمہ داران مفتی صادق محی الدین فہیم صدر، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب سید منیر الدین احمد مختار جنرل سکریٹری، مولانا ظہیر الدین صوفی، مولانا محمد شفیق عالم خاں جامعی، مولانا مسعود حسین مشتہدی اور دوسروں نے بیان جاری کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرے۔ حملوں میں سینکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 200 سے زائد کمسن و شیرخوار ہیں۔ تقریباً 2 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔ اسرائیل گذشتہ 75 برسوں سے بربریت کررہا ہے اور اس کا ظلم انتہا کو پہنچ کا ہے۔ غزہ کو کھلی جیل میں تبدیل کردیا گیا جہاں عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ فورم نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے موقف کی تائید کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ردعمل کو ظالم کی تائید کے مترادف قرار دیا۔ مرکزی حکومت سے اپیل کی گئی کہ ملک کی 75 سالہ قدیم خارجہ پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی تائید کرے۔ فورم نے فلسطینی کاز سے ہندوستانی عوام کے اظہار یگانگت کو دہرایا۔ ائمہ کرام اور خطیب صاحبان سے اپیل کی گئی کہ جمعہ کے روز خطبات میں مظلوم فلسطینیوں کے کاز سے عوام کو واقف کرائیں اور ان کے حق میں خصوصی دعاء کریں۔ فورم نے شہداء کیلئے مغفرت اور متاثرین کیلئے راحت کی دعا کے علاوہ قنوت نازلہ کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔