ممبئی : معروف فلمساز ایکتا کپور اور اُن کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف ویب سیریز ’گندی بات‘ ؎’کم عمر لڑکیوں کو شہوت انگیز انداز میں دکھانے‘ کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ممبئی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’آلٹ بالاجی‘ نامی آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم کی ویب سیریز پر تعزیرات ہند کی کئی شقوں، پوکسو (پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکسوئل آفنس) اور آئی ٹی قانون کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ ’گندی بات‘ نامی اِس ’بولڈ‘ سیریز پر یہ بھی الزام ہے کہ اس سے مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ایف آئی آر کے اندراج کی یہ درخواست ایک یوگا انسٹرکٹر سووپنیل ریواجی نے دی جس کے بعد مقامی عدالت کے حکم پر یہ مقدمہ درج کیا گیا ۔ انھوں نے ایف آئی آر کی کاپی دینے سے گریز کیا۔ تاہم اس کا متن بتاتے ہوئے کہا کہ بالاجی ٹیلی فلمز کی مالکن اور ڈائریکٹر ایکتا کپور اور اُن کی والدہ ہیں، اس لیے شکایت ان کے خلاف بھی درج کی گئی ہے۔