نئی دہلی: فلم اداکار و ہدایت کار ستیش کوشک کا آج دہلی میں دیہانت ہوگیا ۔ ان کی عمر 67 سال تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا گیا ہے۔ ان کے خون کے نمونے میں شراب کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ جسم پر کوئی مشکوک نشان بھی نہیں پائے گئے ہیں۔ فلمیں ‘جانے بھی دو یارو’ اور ‘مسٹرانڈیا’ میں یادگار مزاحیہ کردار ادا کرنے والے مشہور اداکار اور فلم ساز ستیش کوشک کو جمعرات کی علی الصبح دل کا دورہ پڑا۔ ایکٹر انوپم کھیر نے ان کی موت کی خبر شیئر کی ہے۔ ستیش کوشک کی اچانک موت سے بالی ووڈ میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہیں گزشتہ دنوں او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی رکول پریت سنگھ کی فلم ’چھتری والی‘ میں دیکھا گیا تھا۔ ستیش کوشک پردے پر اکثر کامیڈی رول میں نظر آتے تھے۔ اکثر سب کو ہنساتے رہنے والے ستیش کوشک اپنی زندگی میں بہت بڑے غم سے نبردآزما تھے، جس سے ابھرنے میں انہیں سالوں لگے۔حال ہی میں اداکار نے سوشل میڈیا پر کچھ تصویریں شیئر کی تھیں، جن میں وہ بالی ووڈ اسٹارس کے ساتھ ہولی کا لطف اٹھاتے نظر آرہے تھے۔ دیہانت سے ایک دن پہلے ستیش کوشک نے 7 مارچ کو اپنے آخری ٹوئٹ میں علی فضل، رچا چڈھا، جاوید اختر، مہیما چودھری کے ساتھ ہولی کی تصویریں پوسٹ کی تھیں، جس میں ان کے چہرے پر ہمیشہ والی بے فکری اور مسکراہٹ دکھائی دے رہی ہے۔ ارکان خاندان اور دوست احباب کی موجودگی میں ان کی آج شام آخری رسومات انجام دی گئیں۔