فلم انڈسٹری کو بلی کا بکرا بنا کر کسے بچا رہی ہے این سی بی؟ نواب ملک

   

ممبئی: مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور این سی پی رہنما نواب ملک نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) پر اصل ڈرگ اسمگلروں کو بچانے اور فلم انڈسٹری کو بلی کا بکرا بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کے روز کہا کہ این سی بی کا فرض ہے کہ وہ ڈرگ اسمگلروں کو ٹریک کرے اور پکڑے لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی، بلکہ این سی بی انہیں بچانے کا کام کر رہی ہے۔نواب ملک نے کہا کہ این سی بی ان لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے جو ڈرگ کا استعمال کرتے ہیں یا وہ نشہ خور ہیں، انہیں بحالی مراکز میں بھیجا جانا چاہیے نہ کہ جیل۔ نواب ملک نے کہا کہ این سی بی کا فرض ہے کہ وہ اصل ڈرگ اسمگلروں کو پکڑے، لیکن ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا این سی بی فلم انڈسٹری کے نشہ خوروں کو گرفتار کر کے ڈرگ اسمگلروں کو بچا رہی ہے؟