ممبئی ۔ بالی ووڈ انڈسٹری کے سوپر اسٹار سلمان خان کے پاس سال2024 میں ریلیز کرنے کیلئے ایک بھی فلم نہیں ہے، جس کے بعد اب سلمان خان اپنی فلم 2025 کی عید پر ریلیزکریں گے۔ سلمان خان کی فلم سکندر اگلے سال عید پر سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ اے آر مروگاداس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم سکندر کی شوٹنگ رواں سال جون میں شروع ہوئی تھی اور بتایا جا رہا ہے کہ پہلا شیڈول یکم جولائی کو مکمل ہوا۔ تازہ رپورٹ میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فلم میں سلمان خان ڈبل رول میں نظر آنے والے ہیں۔ وہیں فلم سکندر کے حوالے سے ایک اور اپ ڈیٹ سامنے آئی ہے، جسے جان کر بھائی جان کے مداح بے حد پرجوش ہو جائیں گے۔ انڈسٹری کے چوٹی کے اداکار سلمان خان کی فلم سکندر کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا جا رہا ہے کہ پروڈکشن ٹیم نے مبینہ طور پر22 اگست کو ہوئے گرانڈ ایکشن سیکوئنس کے شیڈول کی تیاری کے لیے تقریباً 10 ہزار پستول اورگولیاں منگوائی ہیں۔ بالی ووڈ خبری کی رپورٹ کے مطابق فلم سکندرکی کہانی کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان کا کردار ایک بزنس مین کا ہے جو دہری زندگی گزار رہا ہے۔ جبکہ یہ کردار ایک انسان دوست اور نیک دل انسان ہے اور اس نے ماضی میں زندگی گزارنے کے لیے بہت جدوجہدکی ہے۔ میکرز فلم سکندر میں مرکزی اداکارکو اچھے انسان کے کردار میں دکھا کر ایکشن مناظرکے ذریعے شائقین کے لئے سنسنی خیز منصوبہ بنا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کے پہلے شیڈول کے دوران سلمان خان نے ویلن کے بیٹے کے ساتھ ذاتی چارٹرڈ طیارے میں ایک ایکشن سین شوٹ کیا ہے۔ باہوبلی کے مشہور اداکار ستیہ راج فلم میں ویلن کے کردار میں نظر آنے والے ہیں۔ سلمان خان اپنی فلم سکندر کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ کی وجہ سے سلمان خان نے گزشتہ چند ماہ سے خود کو دوسرے پروجیکٹس سے دورکر رکھا ہے۔
گوٹ کے تعلق سے مداحوں میں جوش
چنئی ۔ دی گریٹسٹ آف آل ٹائم (گوٹ) میں پہلی بارکالی ووڈ اسٹار وجے نے ہدایت کار وینکٹ پربھو کے ساتھ کام کیا اور یہ فلم 5 ستمبر 2024 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے تیار ہے۔ میناکشی چودھری اور اسنیہا کی کاسٹ کی قیادت کے ساتھ فلم بہت زیادہ توقعات پیدا کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر وینکٹ پربھو نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ اعلان کیا کہ فلم نے U/A درجہ بندی کے ساتھ سنسر شپ سند حاصل کر لی ہے۔ اس نے ایک شدید ایکشن پوسٹر کے ساتھ یہ اعلان کیا۔ باضابطہ رن ٹائم جلد ہی ظاہر کیا جائے گا۔دی گوٹ میں وجے دوہرے کرداروں میں مداحوںکو حیران کریں گے۔ اس فلم میں ایک شاندار معاون کاسٹ شامل ہیں، جن میں جے رام، لیلیٰ، یوگی بابو، وی ٹی وی گنیش، اجمل امیر، منوبالا، وائیبھ، پریمگی، اجے راج، اور اروند آکاش شامل ہیں۔